’کون کہتا ہے میں تھک گیا ہوں‘

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے سٹار باؤلر سعید اجمل نے ان خیالات کو رد کیا ہے کہ وہ مسلسل کرکٹ کھیل کھیل کر تھک چکے ہیں۔ سعید اجمل سری لنکا کے خلاف جاری ’ہوم سیریز‘ میں کھیلےگئے دو ٹیسٹ میچوں میں صرف پانچ وکٹیں حاصل کر سکے ہیں۔
36 سالہ اجمل نے 2008 سے پاکستان کی نمائندگی کرنا شروع کی اور اس وقت سے پاکستان کا سب سے مہلک ہتھیار تصور کیے جاتے ہیں۔ سعید اجمل تینوں طرز کے مقابلوں، ٹیسٹ، ون ڈے، اور ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے پہلےٹیسٹ میچ میں پاکستان کا پلہ بھاری رہا تھا لیکن سعید اجمل اس ٹیسٹ میں عمدہ بولنگ نہ کر سکے جس کی بنا پر سری لنکا دوسری اننگز میں محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کو برابری پر ختم کرنے میں کامیاب رہا۔
دوسرے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میںایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں سعید اجمل نے 49 اوور کروائے لیکن وہ ایک وکٹ بھی حاصل نہ کر پائے تھے۔
تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ شارجہ میں جمعرات سے شروع ہوگا۔
سعید اجمل نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے سیریز میں واپس آئے گی۔
سعید اجمل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ کئی سال سے متحدہ عرب امارت میں کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اس سے پہلے اتنی غیر مددگار پِچوں پر کبھی نہیں کھیلے۔
سعید اجمل کا کہنا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ دو میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے کی وجہ سے انھیں مایوس ہونا چاہیے۔
’میں بہت محنت کر رہا ہوں اور اگلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔ گیند سپن نہیں ہو رہی ہے۔ اگر تھوڑی سی بھی سپن ہوتی تو نتائج مختلف ہوتے۔‘
سعید اجمل نے 2011 میں متحدہ عرب امارت میں ہونے والے تین میچوں کی سیریز میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں اور اس طرح پاکستان نے سری لنکا کے خلاف سیریز ایک صفر کی سبقت سے جیت لی تھی۔
سعید اجمل نے اس تاثر کو رد کیا ہے کہ وہ سنہ 2008 سے لگا تار کرکٹ کھیل کھیل کر تھک چکے ہیں: ’ہم زیادہ ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلتے، لہذا مجھ پر بوجھ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘
سعید اجمل نے کہا: ’یہ کرکٹ کا کھیل ہے اس میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے۔ وہ (سری لنکا کے بلے باز) مجھے بہت آرام سے کھیل رہے ہیں، اسی لیے وہ مجھے اچھا کھیل رہے ہیں۔‘
پاکستان کے کوچ ڈیو واٹمور بھی سعید اجمل سے متفق ہیں کہ رواں سیریز میں سپنروں کو وکٹوں سے کوئی مدد نہیں مل رہی ہے ۔ واٹمور نے کہا سعید اجمل کو دو ٹیسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے پر نہ پرکھا جائے۔‘



