شارجہ ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں: واٹمور

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے شاید کچھ تبدیلیاں کی جائیں۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق ڈیو واٹمور کا کہنا تھا کہ دبئی کے مقابلے پر شارجہ میں حالات مختلف ہوں گے اور یہی وجہ ہے کہ تیسرے ٹیسٹ میچ میں شاید لیفٹ آرم سپنر عبد الرحمان کو حتمی ٹیم میں شامل کیا جائے۔
ڈیو واٹمور نے مارچ 2012 میں پاکستان ٹیم کے کوچنگ کے فرائض سنبھالے تھے۔ اس دوران پاکستان نے ابھی تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی ہے۔
ان کی قیادت میں پاکستان سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہار چکا ہے جب کہ پاکستان اور زمبابوے کی سیریز برابر رہی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شکست کی ایک بڑی وجہ ٹاس ہارنا بھی تھا۔
انھوں نے کہا کہ دبئی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کا کم سکور کرنا بھی شکست کی وجہ بنا۔
واٹمور کے مطابق سری لنکا کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی اور پہلی اننگز میں پاکستان کو صرف 165 رنز کے سکور پر آؤٹ کر کے پاکستان پر 223 رنز کی اہم سبقت حاصل کر لی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹاس ہارنا بدقسمتی کی بات تھی کیونکہ اگر پاکستان ٹاس جیت جاتا تو ہم بھی سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دیتے کیونکہ دبئی میں بارش کی وجہ سے وکٹ گیلی تھی جس کا سری لنکا کے بولروں نے خوب فائدہ اٹھایا۔
واٹمور سری لنکا میں پیدا ہوئے تھے۔ انھوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سات ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلا ہے۔



