دبئی: پاکستانی بیٹنگ ناکام، سری لنکا مضبوط پوزیشن میں

سری لنکن سپنر ہیراتھ نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا
،تصویر کا کیپشنسری لنکن سپنر ہیراتھ نے تین پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم ایک مضبوط پوزیشن میں ہے۔

میچ کے پہلے دن پاکستان کو پہلی اننگز میں 165 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد سری لنکا نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنا لیے تھے۔

سری لنکا کو پاکستان کی برتری کے خاتمے کے لیے مزید 108 رنز درکار ہیں۔

بدھ کو سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔

<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88603" platform="highweb"/></link>

پاکستانی اوپنر خرم منظور کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔ خرم نے سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنائے۔

پاکستان کے سات بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

پاکستان کو اننگز کے آغاز پر ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 27 گیندوں میں صرف تین رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی سکور 28 تھا۔

خرم منظور نے 83 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی
،تصویر کا کیپشنخرم منظور نے 83 گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی

دوسری وکٹ 50 رنز کی شراکت کے بعد اس وقت گری جب محمد حفیظ پردیپ کی تیزی سے اندر آتی گیند پر بولڈ ہوئے۔

اس کے بعد پاکستانی بلے باز کوئی بھی قابلِ ذکر شراکت قائم نہ کر سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم 165 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اننگز کے آخر میں بلاول بھٹی نے جارحانہ انداز میں 24 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعی سکور 165 تک پہنچایا۔

سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ اور پردیپ نے تین، تین جبکہ لکمل اور ارانگا نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پاکستانی ٹیم نے اس ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور زخمی وکٹ کیپر عدنان اکمل کی جگہ سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران عدنان کی انگلی پر چوٹ لگ گئی تھی۔ سری لنکا کی دوسری اننگ کے دوران یونس خان نے وکٹ کیپنگ کی تھی۔

ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔