انگلینڈ ایشز میں واپس آ سکتا ہے: کک

انگلینڈ کے کپتان السٹر کک دونوں میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے
،تصویر کا کیپشنانگلینڈ کے کپتان السٹر کک دونوں میچوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان السٹر کوک نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ایشز میں واپس آنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں جاری ایشز سیریز کے پہلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ کی ناکامی کے بعد کک نے یہ باتیں کہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں یہ صلاحیت ہے کہ دو صفر سے پیچھے رہ جانے کے بعد بھی وہ سیریز میں واپس آ سکتے ہیں اور آسٹریلیا کو مسلسل شکست دے سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا ’ایشز ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ اگر ہم یہ سوچنے لگے کہ یہ ہمارے ہاتھ سے نکل گئی ہے تو واقعی نکل جائے گی۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں اپنی روح کی گہرائیوں میں جھانکنے کی ضرورت ہے اور وہاں سے کچھ نکال کر لانے کی ضرورت ہے۔‘

28 سالہ اوپننگ بلے باز نے کہا کہ ’دو صفر کا خسارہ ایسا نہیں جسے ختم نہ کیا جا سکے۔ ہمیں گرد جھاڑ کر اٹھنا ہے اور سخت محنت کے ذریعے تصویر کا رخ بدل ڈالنا ہے۔ ہمارے لیے یہ (شکست) بہت تکلیف دہ ہے لیکن اس کا مداوا صرف ہمی کر سکتے ہیں۔‘

تیسرا ٹیسٹ جمعے سے پرتھ میں شروع ہو رہا ہے۔ ایشز کی تاریخ میں انگلینڈ صرف ایک بار ہی اس میدان پر کامیابی حاصل کر سکا ہے۔ اسی لیے اس میچ میں آسٹریلیا کی جیت کے زیادہ امکانات بتائے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ملبرن اور سڈنی کی طرح پرتھ میں جیت کر آسٹریلیا ایشز پر قبضہ کر لے گا۔

آسٹریلیا کے کپتان بھرپور فارم میں ہیں اور انھوں نے دونوں میچوں میں سنچریاں سکور کی ہیں
،تصویر کا کیپشنآسٹریلیا کے کپتان بھرپور فارم میں ہیں اور انھوں نے دونوں میچوں میں سنچریاں سکور کی ہیں

انگلینڈ کے کپتان کک اس سال گذشتہ پانچ برسوں میں اپنی سب سے کم اوسط پر بیٹنگ کر رہے ہیں اور انگلینڈ کی ٹیم گذشتہ 20 اننگز میں 400 سے زیادہ کا سکور ایک بار بھی حاصل نہیں کر سکی ہے۔

جبکہ دوسری جانب آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک بہترین فارم میں ہیں۔ انھوں نے دونوں میچوں میں سنچریاں سکور کی ہیں اور وکٹ کیپر بیٹس مین ہیڈن نے انھیں دنیا کا بہترین بلے باز قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو انگلینڈ نے گذشتہ سیریز میں تین صفر سے شکست دی تھی اور اس سیریز سے قبل نو میں سے سات میں اسے کامیابی حاصل رہی تھی لیکن اس سیریز میں آسٹریلیا نے اپنی واضح برتری قائم کر رکھی ہے۔

کک نے یہ تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم کے ساتھ کچھ نہ کچھ گڑبڑ ضرور ہے کیونکہ بقول ان کے ’ٹیم اچھی ہے اور وہ اسی وقت تک اچھی رہے گی جب تک وہ میدان میں اس کا مظاہرہ کرتی ہے۔‘