آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ 218 رنز سے جیت لیا

ایڈیلیڈ میں دوسرے ایشز ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 218 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی ہے
انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 531 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 312 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جو روٹ نے نو چوکوں کی مدد سے 87 اور کیون پیٹرسن نے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87888" platform="highweb"/></link>
انگلینڈ کی جانب سے پیر کو میچ کے پانچویں دن میٹ پرائر اور سٹوارٹ براڈ نے میچ کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازووں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 45 رنز کا اضافہ کیا۔
آسٹریلیا کو پانچویں دن کی پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 255 رنز کے مجموعی سکور پر سٹوارٹ براڈ 29 رنز بنا کر پیٹر سڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب 293 رنز کے مجموعی سکور پرگریم سوان چھ رنز بنا کر ہیرس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
گریم سوان اور میٹ پرائر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 38 رنز کا اضافہ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں پیٹر سڈل نے چار، رائن ہیرس نے تین، مچل جانسن، نیتھن لیون اور سٹیون سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے اتوار کو میچ کے چوتھے دن کا کھیل شروع ہونے سے قبل آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک نےگزشتہ روز کے مجموعی سکور 137 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی۔
تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا کو انگلینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں 530 رنز کی مجموعی برتری حاصل تھی۔
اس سے پہلے انگلینڈ نے تیسرے دن اپنی پہلی اننگز ایک وکٹ پر 35 رنز سے شروع کی تو اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے وکٹ گرتی رہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے ائین بیل نے 72 اور کاربیری نے 60 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا سکور 172 تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انگلش ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا اور اس کے تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں مچل جانسن نے سات، نیتھن لیون، پیٹر سڈل اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ لی۔
آسٹریلیا کے بولر مچل جانسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔



