شامی کی پہلے میچ میں نو وکٹیں، بھارت فاتح

کولکتہ میں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 51 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعے کو کھیل کے تیسرے دن بھارت نے پہلی اننگز میں 453 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز پر 219 رنز کی سبقت حاصل کی تھی۔
اس کے جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم دوسری اننگز میں تیسرے دن ہی چائے کے وقفے کے بعد 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88722" platform="highweb"/></link>
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کے لیے ڈیرن براوو 37 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔
بھارت کی جانب محمد شامی پانچ وکٹیں لے کر اب تک سب سے کامیاب بولر رہے ہیں۔ اس میچ میں ان کی کل وکٹوں کی تعداد نو رہی۔
ان کے علاوہ ایشون نے بھی تین وکٹیں لیں۔
روہت شرما کو اپنے پہلے ہی میچ میں شاندار سنچری سکور کرنے پر مین آف دا میچ کے انعام سے نوازا گیا۔

اس سے قبل جمعے کو تیسرے دن کے پہلے سیشن میں روہت شرما اور روی چندرن ایشون نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور سکور آگے بڑھایا۔ ایشون نے اس دوران ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری بھی مکمل کی۔
ان دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 280 رنز کی شراکت کا خاتمہ پرموال نے شرما کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا۔
روہت 177 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ وہ گذشتہ روز سنچری بنانے کے بعد ایسے 14ویں بھارتی بلے باز بن گئے تھے جس نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں یہ کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
ایشون 124 رنز بنا کر شلنگفرڈ کی گیند پر بولڈ ہوئے، یہ شلنگفرڈ کی اس اننگز میں پانچویں وکٹ تھی۔ بھونیشور کمار کو بھی شلنگفرڈ نے ہی آؤٹ کیا جبکہ محمد شامی پرموال کی گیند پر سٹمپ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے تندولکر کی وکٹ لینے والے شلنگفرڈ چھ وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ ان کے علاوہ پرموال نے دو جبکہ ٹینو بیسٹ اور کوٹرل نے ایک ایک وکٹ لی۔
گذشتہ روز روہت اور ایشون نے مل کر ٹیم کو اس وقت مشکل حالات سے نکالا تھا جب ایک موقعے پر صرف 156 کے مجموعی سکور پر بھارت کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں۔
ویسٹ انڈیز نے اس ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے۔



