کولکتہ ٹیسٹ: روہت اور ایشون کی عمدہ بلے بازی

روہت شرما نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی
،تصویر کا کیپشنروہت شرما نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری بنائی

کولکتہ میں بھارت نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے روہت شرما اور روی چندرن ایشون کی عمدہ بلے بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز پر پہلی اننگز میں 120 رنز کی سبقت حاصل کر لی ہے جبکہ اس کی چار وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے پہلی اننگز میں 354 رنز بنا لیے تھے اور روہت شرما 127 جبکہ ایشون 92 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

جمعرات کو پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن بھارتی اننگز نے بغیر کسی نقصان کے 37 رنز سے شروع ہوئی تو ویسٹ انڈین بالرز کی نپی تلی بالنگ کے سامنے بھارتی بلے باز مشکلات کا شکار دکھائی دیے۔

دونوں بھارتی اوپنر اور پھر مڈل آرڈر ایک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا اور وقفے وقفے سے بھارتی وکٹیں گرتی رہیں۔

کولکتہ میں اپنا آخری اور کیریئر کا 199واں ٹیسٹ کھیلنے والے سچن تندولکر بھی صرف 10 رنز ہی بنا سکے اور ان سے ایک بڑی اننگز کی امید رکھنے والے ہزاروں شائقین کو مایوس لوٹنا پڑا۔

سچن تندولکر صرف دس رنز ہی بنا سکے
،تصویر کا کیپشنسچن تندولکر صرف دس رنز ہی بنا سکے

ایک موقع پر 156 کے مجموعی سکور پر بھارت کی چھ وکٹیں گر چکی تھیں اور لگتا تھا کہ ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں ایک بڑا سکور نہ کرنے کے باوجود میچ میں واپس آ چکی ہے۔

تاہم پھر روہت شرما اور ایشون کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے 198 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت نے کھیل کا رخ تبدیل کر دیا۔

حال ہی میں ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری بنانے کا کارنامہ سرانجام دینے والے روہت شرما نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سنچری مکمل کی تو لیگ سپنر ایشون نے بھی ثابت قدمی سے ان کا ساتھ دیا اور دس چوکوں کی مدد سے 92 رنز بنا ڈالے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے تندولکر کی وکٹ لینے والے شلنگفرڈ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے جبکہ ان کے علاوہ ٹینو بیسٹ اور کوٹرل نے ایک، ایک وکٹ لی۔

ویسٹ انڈیز نے اس ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں 234 رنز بنائے تھے۔