سچن بڑا کرکٹر ہی نہیں بڑا انسان بھی: علیم ڈار

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
دنیا کے بہترین بلے باز سچن تندولکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دنیا کے بہترین امپائر علیم ڈار کا کہنا ہے کہ سچن نوجوان نسل کے لئے قابل تقلید ہیں وہ جتنے بڑے کرکٹر ہیں اتنے ہی بڑے انسان بھی۔
علیم ڈار نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ’امپائر کا کوئی بھی پسندیدہ کرکٹر نہیں ہوتا کیونکہ وہ میدان میں غیرجانبدار رہ کر فیصلے دیتا ہے لیکن جب میں امپائرنگ نہیں کرتا اسوقت سچن تندولکر میرے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہوتے ہیں۔‘
علیم ڈار کا کہنا ہے ’یوں تو امپائرز ہر وقت کھیل پر مکمل توجہ مرکوز کئے ہوتے ہیں لیکن کچھ بیٹسمین ایسے ہوتے ہیں جب وہ بیٹنگ کرتے ہیں تو امپائرز کو زیادہ توجہ دینی پڑتی ہے۔ بحیثیت امپائر میں اسوقت بہت زیادہ چوکس رہا ہوں جب سچن کریز پر ہوں کیونکہ مجھے یہ احساس رہتا ہے کہ کوئی غلط فیصلہ نہ ہوجائے۔‘
علیم ڈار کہتے ہیں’سچن سے جب بھی بات کرنے کا موقع ملا میں نے ان میں ہمیشہ انکساری دیکھی اور کبھی بھی یہ احساس نہیں ہوا کہ وہ کئی عالمی ریکارڈز کے مالک ہیں۔‘
علیم ڈار کو یقین ہے کہ سچن تندولکر کے کچھ ریکارڈز کبھی نہیں ٹوٹ پائیں گے۔
’ کرکٹ اب بہت تیـز ہوگئی ہے اور کرکٹرز کے کیریئر بھی طویل نہیں رہے جیسا کہ سچن نے چوبیس سال تک کرکٹ کھیلی اس لئے مجھے لگتا ہے کہ سچن کے چند ریکارڈز قائم رہیں گے۔‘



