تندولکر نے 50 ہزار رنز مکمل کر لیے

دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں چیمپیئنز لیگ ٹی20 ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے دوران سچن تندولکر نے مجموعی طور پر اپنے پچاس ہزار رنز مکمل کر لیے۔
یہ میچ سنیچر کی رات تندولکر کی ٹیم ممبئی انڈینز اور ویسٹ انڈین ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے مابین کھیلا گیا اور اس میں ممبئی انڈینز چھ وکٹوں سے فاتح رہی۔
تندولکر پہلے ایشیائی کرکٹر ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں 50 ہزار رنز بنائے ہیں۔
اس ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے تندولکر نے پچیس سال کے دوران کُل 953 میچ کھیلے۔ ان میچوں میں بین الاقوامی ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچوں کے علاوہ فرسٹ کلاس میچ بھی شامل ہیں۔
سنیچر کی شب جب تندولکر میدان میں اترے تو پچاس ہزار رن مکمل کرنے کے لیے انہیں 26 رنز درکار تھے لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ سٹیڈیم میں سکرین پر اس اعلان سے قبل کہ انہیں 50 ہزار رن مکمل کرنے کے لیے مزید دو رن درکار ہیں، تندولکر اس بارے میں لاعلم تھے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق سچن تندولکر نے کہا ہے ’میں اس بات سے لاعلم تھا کہ میں 50 ہزار رنز کے قریب ہوں۔ دو رن باقی تھے کہ میں نے اسے بڑی سکرین پر دیکھا۔‘
تندولکر نے اپنے کیریئر میں 463 ایک روزہ میچ اور 198 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 18426 جبکہ ٹیسٹ میں 15837 رنز بنائے ہیں اور وہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہیں۔
اس دوران انہوں نے دونوں طرز کی کرکٹ میں ملا کر 100 سنچریاں بھی سکور کی ہیں جن میں سے 51 ٹیسٹ میچوں اور 49 ایک روزہ میچوں میں بنیں۔



