’ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی جلدی نہیں‘

سچن کے نام سب سے زیادہ رنز کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ سنچری کے ریکارڈز بھی شامل ہیں
،تصویر کا کیپشنسچن کے نام سب سے زیادہ رنز کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ سنچری کے ریکارڈز بھی شامل ہیں

بھارتی کرکٹ سٹار سچن تندولکر نے کہا ہے کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہونے جلدی نہیں ہے۔

اس سال کے آخر میں سچن تندولکر اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔

اپریل میں 40 سال پورے کرنے والے تندولکر نے زی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں اور وہ ابھی آنے والی ٹی 20 چیمپیئز لیگ پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔

تندولکر آئی پی ایل کی ٹیم ممبئی انڈینز کی جانب سے ٹی 20 کھیلتے ہیں۔ وہ گذشتہ بیس سال سے زیادہ عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں یہ خبرشائع ہو رہی ہے کہ تندولکر اپنا دو سوواں ٹیسٹ میچ کھیل کر ریٹائر ہو جائیں گے۔

میڈیا کے مطابق یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ تندولکر اپنا 200 واں ٹیسٹ جنوبی افریقہ میں کھیلنے والے تھے لیکن بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے مختصر دورے کی تجویز اس لیے پیش کی ہے کہ تاکہ وہ یہ تاریخی میچ اپنے ملک کے کرکٹ شائقین کے سامنے کھیلیں۔

خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کا آخری میچ تندولکر کے ہوم گراؤنڈ ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

بہر حال تندولکر نے فی الحال ایک انٹرویو میں اس قسم کی قیاس آرائیوں کو یہ کہتے ہوئے کم کردیا ہے کہ وہ ایک وقت میں ایک ہی کام کرتے ہیں، جب اس کا وقت آئے گا تو اس پر بات ہوگی۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی جب جب سچن تندولکر نے اپنی شہرت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تب تب ان کے ریٹائرمنٹ کی بات ہوتی رہی ہے۔

ان کے نام بلے بازی کے بہت سارے عالمی ریکارڈز ہیں جن میں سب سے زیادہ رنز کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ سنچریوں کے ریکارڈز بھی شامل ہیں۔