تندولکر آئی پی ایل سے ریٹائر

بھارت کے مشہور بلے باز سچن تندولکر نے انڈین پریمئیر لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سچن تندولکر پہلے ہی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور وہ صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعلان اتوار کو آئی پی ایل کے فائنل میچ کے بعد کیا۔
خیال رہے کہ سچن تندولکر کی ٹیم ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل کے فائنل میں چنئی سپر کنگ کو 23 رنز سے شکست دے کر پہلی بار یہ اعزاز جیتا۔
’لٹل ماسٹر‘ کے نام سے مشہور تندولکر نے آئی پی ایل کے فائنل کے بعد ایک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’میرے خیال میں آئی پی ایل سے ریٹائرمنٹ کا یہ صحیح وقت ہے، میں 40 برس کا ہو گیا ہوں اور مجھے یہ بات تسلیم کر لینی چاہیے‘۔
انھوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایل کا چھٹا سیزن ان کا آخری سیزن ہے۔
تندولکر کا کہنا تھا آ’ئی پی ایل کا چھٹا سیزن بہترین تھا اور میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ میرا آخری سیزن تھا‘۔
ٹیسٹ کرکٹ اور ایک روزہ میچوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے سچن تندولکر گزشتہ ماہ 40 برس کے ہو گئے۔
ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں 100 سنچریاں بنانے کا انفرادی ریکارڈ بھی تندولکر کے پاس ہی ہے۔
سچن تندولکر نے ایک روزہ میچوں کی تاریخ کی پہلی ڈبل سنچری بنانے کا بھی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
انھوں نے یہ کارنامہ 24 فروری سنہ 2010 کو بھارتی شہر گوالیار میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں سر انجام دیا۔
اس میچ میں سچن تندولکر نے 147 گیندوں پر 25 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 200 رنز بنائے تھے۔



