آئی پی ایل 6 کی رنگارنگ افتتاحی تقریب

قطرینہ کیف
،تصویر کا کیپشنآئی پی ایل کی افتتاحی تقریب میں قطرینہ کیف نے رقص پیش کیا

کولکتہ کے سالٹ لیک سٹیڈیم میں منعقدہ ایک رنگارنگ تقریب میں انڈین پریمیئر لیگ کے چھٹے سیزن کا افتتاح ہوگیا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں مقابلوں کا باقاعدہ آغاز بدھ کو کولکتہ کے ہی ایڈن گارڈنز میں دفاعی چیمپیئن کولکتہ نائٹ رائيڈرز اور دہلی ڈیئر ڈیولز کے مابین میچ سے ہوگا جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 26 مئی کو ہوگا۔

منگل کی شب منعقدہ تقریب میں کرکٹ اور فلمی دنیا کے نامی گرامی ستاروں نے شرکت کی۔

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینر جی نے مقابلوں کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا جس کے بعد ٹورنامنٹ کی ٹرافی اور دفاعی چیمپیئن ٹیم کے کپتان گوتم گمبھیر سٹیج پر آئے جہاں ان کا ساتھ دینے کے لیے باقی ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے۔

سینیئر کھلاڑی اور کمنٹریٹر روی شاستری نے کپتانوں سے حلف لیا جس کے بعد رنگارنگ شو کا آغاز ہوا۔

سٹیج پر اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والوں میں بالی وڈ کی اداکارائیں قطرینہ کیف اور دیپیکا پادوکون کے علاوہ اداکار شاہ رخ خان بھی شامل تھے۔ ان کے علاوہ بپی لہری اور اوشا اتھپ نے بھی گلوکاری کی۔

اس پروگرام کو دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد افراد کی گنجائش والا سٹیڈیم کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

اس تقریب کے لیے موسیقی موسیقار پریتم نے دی تھی اور تین سو رقصاؤں پر مشتمل ٹیم نے تقریب کے دوران پورے سٹیڈیم میں طرح طرح کے رقص پیش کیے۔

پروگرام کے اختتام پر شاہ رخ خان نے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی، بی سی سی آئی کے سربراہ این شری نواسن، آئی پی ایل کے سربراہ راجیو شکلا کے ساتھ ساتھ کلکتہ کے لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

گزشتہ آئی پی ایل میں کولکتہ نائٹ رائڈرز چیمپئن بنی تھی اور ان کی جیت کی بعد کولکتہ میں فتح کا جلوس نکالا گیا تھا جس میں ریاست کی وزیر اعلی ممتا بینرجی نے بھی شرکت کی تھی۔