کلارک کو کمر کی تکلیف، ٹیم سے باہر

مائیکل کلارک کمر کی تکلیف کی وجہ سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکے تھے
،تصویر کا کیپشنمائیکل کلارک کمر کی تکلیف کی وجہ سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت نہیں کر سکے تھے

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک کو کمر کی تکلیف کی وجہ سے بھارت کے دورے کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

32 سالہ کلارک کو اپنے کیرئیر کے دوران بارہا کمر کی تکلیف کا سامنا رہا ہے اور اسی وجہ سے انھوں نے رواں برس انگلینڈ میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

بھارت کے خلاف ایک روزہ اور ٹونٹی20 کے لیے ٹیم میں کلارک کی جگہ کیلم فرگیوسن کو شامل کیا جائے گا۔

آسٹریلیئن کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ کلارک کے کمر کو مسلسل دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

آسٹریلیا کے فزیوتھراپسٹ ایلکس کیون ٹورز نے کہا کہ ’مائیکل کلارک کو ایک عرصے سے کمر کی تکلیف ہے جس کی وجہ سے انھیں مسلسل دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔‘

انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کو کمر کی تکلیف شروع ہوئی تھی جو علاج سے دھیرے دھیرے ٹھیک ہو رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’مائیکل کلاک بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کریں گے اور انھیں دوبارہ کرکٹ میں آنے کے لیے مسلسل دیکھ بھال کی ضرورت ہو گی۔‘

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان سیریز راج کوٹ میں دس اکتوبر سے شروع ہو گی اور دو نومبر کو ختم ہو گی جب کہ 21 نومبر کو 2013 کی ایشز سیریز شروع ہو جائے گی۔

بھارت کے خلاف سات میچوں کی ون ڈے سیریز سے باہر ہونے کی وجہ سے کلارک کی ایشز سیریز میں شمولیت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

حالیہ مہینوں میں آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی اور وہ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی چیمپنئز ٹرافی میں اپنے گروپ میں آخری نمبر پر رہی، اور اس کے بعد اسے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں بھی تین صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مائیکل کلارک نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے دوران دس اننگز میں 47.62 کی اوسط سے 381 رنز بنائے تھے۔

مائیکل کلارک کی کمر کی تکلیف انگلینڈ کے خلاف نیٹ ویسٹ سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ سے پہلے دوبارہ نمودار ہوئی تھی تاہم انھوں نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر کے میچ میں حصہ لیا اور 75 رنز بنائے۔

بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی ٹیم میں جارج بیلی (کپتان)، نیتھنن کولٹر نائل، زیویئر ڈورٹی، جمز فاکنر، کیلم فرگیوسن، آرن فنچ، براڈ ہیڈن، موئزیس اینریکس، فِل ہیوز، مچل جانسن، گلین میکسول، کلنٹ میکے، ایڈم ووجیز اور شین واٹسن شامل ہیں۔