کارڈف: انگلینڈ کی جیت، سیریز برابر

کارڈف میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔
سنیچر کو کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو آسٹریلیا کی پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 227 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جارج بیلے نے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 87 جبکہ میتھیوز ویڈ نے 3 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87732" platform="highweb"/></link>
انگلینڈ کی جانب سے ٹریڈویل نے تین جبکہ سٹیون فِن اور بوائیڈ رینکن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں انگلینڈ نے 228 رنز کا مطلوبہ ہدف آخری اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انگلش اننگز میں تین بلے بازوں کاربیری، مورگن اور بٹلر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم بٹلر کی 5 چوکوں اور 2 چھکوں سے مزین 65 رنز کی اننگز نے انگلش ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے علاوہ دیگر انگلش بلے باز ناکام رہے اور پانچ بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہ پہنچ سکا۔
آسٹریلیا کی جانب سے کلنٹ میککے نے چار وکٹیں لیں اور سب سے کامیاب بولر رہے۔
پانچ میچوں کی اس سیریز کا پہلا اور تیسرا میچ بے نتیجہ رہا تھا جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے 88 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔
اب سیریز کا پانچواں اور فیصلہ کن میچ سولہ ستمبر کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔



