ہرارے ٹیسٹ میں زمبابوے کی فتح، سیریز برابر

زمبابوے کی اس فتح کے نتیجے میں یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی
،تصویر کا کیپشنزمبابوے کی اس فتح کے نتیجے میں یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی

ہرارے میں زمبابوے نے پاکستان کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 264 رنز کا ہدف ملا لیکن میچ کے آخری دن کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88612" platform="highweb"/></link>

پاکستان کے کپتان مصباح الحق کی 79 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز بھی ان کی ٹیم کو فتح نہ دلوا سکی۔

میچ کے آخری دن جب پاکستان کی دوسری اننگز دوبارہ شروع ہوئی تو اسے جیت کے لیے مزید 107 رنز درکار تھے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 163 کے مجموعی سکور پر گری جب عدنان اکمل چھتارا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

ان کی جگہ عبدالرحمان کھیلنے آئے اور انہوں نے مصباح الحق کے ساتھ مل کر 34 رنز کی اہم شراکت قائم کی جس کے بعد وہ 16 کے انفرادی سکور پر پینیانگارا کی پہلی وکٹ بنے۔

سعید اجمل صرف 2 اور جنید خان ایک رن بنا سکے اور ان دونوں کو بھی چھتارا نے آؤٹ کیا۔ پاکستان کے آخری بلے باز راحت علی رن آؤٹ ہوئے۔

مصباح الحق
،تصویر کا کیپشنمصباح الحق کی سیریز میں ایک اور نصف سنچری رائیگاں گئی

زمبابوے کی جانب سے چھتارا نے باون رنز کے عوض پانچ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 294 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

زمبابوے نے اپنی دوسری اننگز میں 199 رنز بنائے تھے اور پہلی اننگز میں 64 رنز کی برتری کی بدولت اسے پاکستان پر 263 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوئی تھی۔

زمبابوے کی اس فتح کے نتیجے میں یہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ دو میچوں کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے 221 رنز سے جیتا تھا۔

یہ تیسرا موقع ہے کہ زمبابوے نے پاکستان کو کوئی ٹیسٹ میچ ہرایا ہے۔ اس سے قبل 1995 اور 1998 میں بھی زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ جیت چکی ہے۔

زمبابوے کے ہاتھوں شکست کے نتیجے میں پاکستانی ٹیم کی ٹیسٹ درجہ بندی میں بھی کمی آئی ہے اور وہ چوتھے سے چھٹے نمبر پر چلی گئی ہے۔