پاکستان 230 پر آؤٹ، زمبابوے کی برتری 185 رنز

ہرارے میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر زمبابوے نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے ہیں۔
زمبابوے کو پاکستان کے خلاف 185 رنز کی برتری حاصل ہے اور دوسری اننگز میں اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/88612" platform="highweb"/></link>
زمبابوے کی جانب سے دوسری اننگز میں ٹینو ماوویو نے 58 اور مسکادزا نے 44 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں راحت علی اور عبدالرحمان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے جمعرات کو تیسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے یونس خان نے 77 اور خرم منظور نے 51 رنز بنائے۔
یونس خان اور مصباح الحق نے تیسرے دن پاکستانی اننگز دوبارہ شروع کی تو 182 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو دن کا پہلا اور مجموعی طور پر چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔
جمعرات کو آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز مصباح الحق تھے جو 33 رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر کیچ ہوئے۔
انھوں نے یونس خان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 86 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے پہلی اننگز میں برائن ویٹوری نے پانچ، پنیانگارا نے تین اور چٹارا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں 294 رنز بنائے تھے۔
زمبابوے کی پہلی اننگز کی خاص بات ہیملٹن مسکادزا اور کپتان برینڈن ٹیلرکی نصف سنچریاں تھیں۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں جنید خان نے 3 ، راحت علی نے 2 ، عبدالرحمان نے 2 اور سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور اس میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 221 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان زمبابوے کے دورے میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز دو ایک سے جبکہ دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔



