ایشیا ہاکی کپ: فائنل میں بھارت کو شکست

ملائشیا کے شہر اپوہ میں کھیلے جانے والے نویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جنوبی کوریا نے بھارت کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کپ جیت لیا ہے۔
جنوبی کوریا نے چوتھی مرتبہ ایشیا ہاکی ٹورنامنٹ جیتا ہے۔
جنوبی کوریا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو جبکہ بھارت نے ملائشیا کو شکست دی تھی۔
اتوار کو تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ملائشیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان سیمی فائنل میں جنوبی کوریا سے شکست کے بعد سنہ 2014 میں نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ سے باہر ہو گیا تھا۔
فائنل میں شکست کے بعد بھی بھارت کی عالمی کپ میں حصہ لینے کی امیدیں باقی ہیں۔ اس سے پہلے ہالینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا فاتح رہا تھا اور بھارت کی چوتھی پوزیشن آئی تھی۔
رواں سال نومبر میں اوشینا ممالک کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ منعقد ہونا ہے اور اگر اس میں آسٹریلیا دوبارہ فاتح رہتا ہے تو اس صورت میں بھارت عالمی کپ میں شرکت کر سکے گا۔



