پاکستان ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں

ملائشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلے جا رہے نویں ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے چائنیز تائی پے کو تیرہ صفر سے شکست دے کر گروپ اے میں برتری حاصل کر لی ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ پاکستان کا مقابلہ اب سیمی فائنل میں جنوبی کوریا سے ہو گا جو گروپ بی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی برتری برقرار رکھی اور میچ کا پلڑا اس کے حق میں شروع سے ہی بھاری تھا۔
میچ کے دوران عبدل حسیم خان نے ہیٹ ٹرک کی جبکہ محمد عمران، شفقت رسول اور محمد رضوان نے دو دو گول کیے۔
اس کے علاوہ محمد دلبر، محمد توثیق، محمد عرفان اور شکیل عباسی نے ایک ایک گول کیا۔
کوریا کے ساتھ سیمی فائنل پاکستان کے لیے سخت مقابلہ ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اب تک پاکستان کا مقابلہ کسی مضبوط ٹیم سے نہیں ہوا ہے۔
سیمی فائنلز تیس اگست سے کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل یکم ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
چوبیس اگست سے یکم ستمبر تک کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں آٹھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنھیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے میں پاکستان، ملائیشیا، جاپان اور چین جبکہ گروپ بی میں کوریا، بھارت، اومان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ اس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ اس کی فاتح ٹیم سنہ 2014 میں نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی کے عالمی کپ میں حصہ لینے کی اہل ہوگی۔



