پاکستان کو دوستانہ فٹبال میچ میں شکست

پاکستان اور افغانستان کا میچ
،تصویر کا کیپشنپاکستان اور افغانستان کے درمیان اس میچ کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوشش بھی کہا جا رہا ہے

افغانستان دس سال کے بعد پہلی بار بین الاقوامی فٹبال میچ میں افغانستان نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔

یہ مقابلہ افغانستان فٹبال فیڈریشن کے سٹیڈیم میں ہوا جہاں ایک وقت میں چھ ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

اس میچ کو دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کی کوشش بھی کہا جا رہا ہے۔

کابل میں کھیلا جانے والا یہ میچ اس شہر میں دونوں ممالک کے درمیان تیس برس میں پہلا مقابلہ تھا۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان کھیلے گئے اس دوستانہ میچ کے ایک سے زیادہ علامتی پہلو ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے ساتھ ساتھ اسے افغانستان میں کئی دہائیوں کی جنگ کے بعد حالات کی معمول کی طرف واپسی کا اعلان بھی سمجھا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اگلے پاکستان اور افغانستان کی سیاسی قیادت کے درمیان اہم ملاقات بھی ہو رہی ہے جس میں امن کے قیام پر بات چیت ہو گی۔

افغانستان میں طالبان نےسن انیس سو چھیانوے سے لے کر سن دو ہزار ایک تک حکومت کی تھی۔ اس دوران فٹبال پر پابندی تو نہیں تھی لیکن کابل میں غازی سٹیڈیم کا استعمال سزائیں دینے کے لیے کیا جاتا تھا جن میں سنگ ساری اور ہاتھ اور پاؤں کاٹنا بھی شامل تھے۔

افغانستان کا فٹبال کی درجہ بندی میں ایک سو انتالیسواں اور پاکستان کا ایک سو اڑسٹھواں نمبر ہے۔ آخری دونوں ٹیمیں انیس سو ستتر میں کابل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئی تھیں۔