پاکستانی فٹبال ٹیم افغانستان و بنگلہ دیش جائے گی

پاکستان کی قومی فٹ بال ٹیم ساؤتھ ایشین فٹ بال چیمپیئن شپ کی تیاری کے سلسلے میں آئندہ ماہ بنگلہ دیش اور افغانستان کا دورہ کرے گی۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ سردار نوید حیدر نے بی بی سی کو بتایا کہ ستمبر میں ہونے والی ساؤتھ ایشین فٹ بال چیمپیئن شپ کی تیاری کے لیے پاکستانی ٹیم کے بنگلہ دیش اور افغانستان میں میچز کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم دس اگست کو دو میچز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش جائے گی جس کے بعد وہ انیس اگست کو افغانستان کے دورے پر جائے گی اور کابل میں افغانستان کے خلاف واحد انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔
سردار نوید حیدر نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم کا کیمپ یکم اگست سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور ڈنمارک میں رہنے والے سات پاکستانی کھلاڑی بھی کیمپ میں مدعو کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم فلہم کے نئے پاکستانی مالک شاہد خان سے ابھی تک ان کا رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مشترکہ دوست کے ذریعے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی یہ خواہش شاہد خان تک پہنچا دی گئی ہے کہ وہ پاکستان آئیں اور فٹبال کی سہولتوں کا جائزہ لیں اور اگر ممکن ہوسکے تو پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ ساؤتھ ایشین فٹ بال چیمپیئن شپ یکم سے گیارہ ستمبر تک کھٹمنڈو نیپال میں منعقدہوگی اور اس کے ڈراز کا اعلان تیس جولائی کو ہوگا۔
پاکستان انیس سو ترانوے سے کھیلی جانے والی اس چیمپیئن شپ کو ابھی تک جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
بھارت نے چھ بار یہ چیمپئن شپ جیتی ہے جبکہ مالدیپ بنگلہ دیش اور سری لنکا ایک ایک بار اس چیمپیئن شپ کے فاتح رہے ہیں۔
پاکستان اس وقت فٹ بال کی عالمی رینکنگ میں167 ویں نمبر پر ہے۔



