برازیل: فٹبال میچ کے دوران ریفری کا سرقلم

یہ واقعہ برازیل کی ریاست ماران ہاؤ میں ایک غیر پیشہ ورانہ فٹ بال میچ کے دوران پیش آيا
،تصویر کا کیپشنیہ واقعہ برازیل کی ریاست ماران ہاؤ میں ایک غیر پیشہ ورانہ فٹ بال میچ کے دوران پیش آيا

حکام کا کہنا ہے کہ برازیل میں فٹبال کے ناظرین نے ایک ریفری کا اس وقت سرقلم کر دیا جب انھوں نے ایک کھلاڑی کو چاقو مارا دیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جب کھلاڑی نے میدان چھوڑنے سے منع کر دیا تو ریفری نے انہیں چاقو مار دیا اور کھلاڑی کی ہسپتال پہنچنے سے قبل راستے میں ہی موت واقع ہو گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر فٹبال شائقین مشتعل ہو گئے اور میدان میں گھس آئی۔

انھوں نے پہلے ریفری اوٹاویو دا سلوا کو پتھر مار مار کر ہلاک کردیا پھر ان کا سر تن سے جدا کر دیا۔

یہ واقعہ برازیل کی ریاست ماران ہاؤ میں ایک غیر پیشہ وارانہ فٹبال میچ کے دوران پیش آيا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل ریفری سلو کے ذریعے کھلاڑی جوزینیر دوز سینٹوس کو چاقو مارنے کے ردعمل میں واقع ہوا۔

اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس معاملے میں تحقیقات جاری ہے۔

یہ واقعہ گزشتہ ماہ 30 جون کو ریاست کے شہر پیو XII میں پیش آیا لیکن اس واقعے کی خبر ذرا دیر سے باہر آئی۔

ریاست کے شہری تحفظ کے شعبے نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریفری اور سینٹوس کے درمیان کھلاڑی کے باہر کیے جانے پر ہاتھا پائی شروع ہو گئی۔

اس کے بعد سلوا نے چاقو نکال کر سینٹوس پر حملہ کر دیا اور سینٹوس زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

شہری تحفظ کے شعبے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑی کے دوست احباب اور رشتے دار میدان کی جانب دوڑ پڑے اور ریفری کو پتھر مار کر ہلاک کر دیا اور پھر ان کا سر قلم کر دیا۔

اب تک پولیس نے اس واقعے میں ایک 27 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس سربراہ والٹر کوسٹا نے کہا ہے: ’ہم لوگ اس معاملے میں لوگوں کی شناخت کریں گے اور اس میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ ایک جرم سے کبھی دوسرے جرم کا جواز پیدا نہیں ہوتا۔‘