آسٹریلیا: ڈیوڈ وارنر کو معطل کر دیا گیا

وارنر انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بقیہ میچوں میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے
،تصویر کا کیپشنوارنر انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بقیہ میچوں میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے

آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے بلے باز ڈیوڈ وارنر کو انگلش کھلاڑی پر ایک بار میں مبینہ طور پر حملہ کرنے کے جرم میں ایشز سیریز تک معطل کر دیا ہے۔

آسٹریلوی کھلاڑی پر سات ہزار امریکی ڈالرز کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح برمنگھم کے ایک شراب خانے میں اس وقت پیش آیا جب وہاں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑی موجود تھے اور وارنر نے مبینہ طور پر انگلش کھلاڑی جو روٹ پر حملہ کر دیا۔

بی بی سی ریڈیو فائیو کے مرفی کا کہنا ہے کہ انھیں یقین ہے کہ یہ واقعہ اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق دو بجے پیش آیا۔

ڈیوڈ وارنر انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے بقیہ میچوں میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔

آسٹریلوی بلے باز انگلش کاؤنٹی سمرسیٹ اور وارویسٹرشائر کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بھی شریک نہیں ہوں گے تاہم وہ دس جولائی سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے پہلے ٹسیٹ میچ میں شرکت کر سکیں گے۔

ڈیوڈ وارنر نے اپنے ملک کی جانب سے 19 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور انھیں انگلینڈ میں جاری آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں ان کے رویے کی وجہ سے بطور سزا ڈراپ کر دیا گیا تھا۔