چیمپیئنز ٹرافی: آسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے کے پہلے میچ میں انگلینڈ نےآسٹریلیا کو 48 رنز سے شکست دے دی ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87847" platform="highweb"/></link>

جواب میں آسٹریلیا مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز سکور کر سکا۔

آسٹریلیا جانب سے بیلی اور فوکنر نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔

انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن نے شاندار بولنگ کراتے ہوئے دس اوورز میں تیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کی جانب سے ایئن بیل اور الیسٹر کک نے اننگز شروع کی۔ایئن بیل نوے رنز کی اننگز کھیل کر سب سے نمایاں بلے باز رہے جبکہ ٹراٹ نے 43 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کے فالکنر اور میککے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

برمنگھم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انگلینڈ کے دو اور آسٹریلیا کا ایک اہم کھلاڑی زخمی ہونے کی وجہ سے شریک نہیں ہوا۔

انگلینڈ کو جہاں اپنے سپنر گریم سوان اور فاسٹ بولر سٹیون فن کی خدمات حاصل نہیں وہیں آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کمر کی تکلیف کی وجہ سے یہ میچ نہیں کھیل رہے اور ٹیم کی قیادت جارج بیلی کے حصے میں آئی ہے۔

انگلش ٹیم تین فاسٹ بولروں جیمز اینڈرسن، ٹم بریسنن، سٹورٹ براڈ اور ایک سپنر ٹیڈ بریسول کے ساتھ میدان میں اترے گی جبکہ بلے بازی کے شعبے میں اس کا انحصار، کپتان الیسٹر کک، ایئن بیل، جوناتھن ٹراٹ، اوئن مورگن، روٹ، روی بوپارا اور وکٹ کیپر بٹلر پر ہوگا۔

ایئن بیل 91 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے
،تصویر کا کیپشنایئن بیل 91 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے

آسٹریلوی ٹیم میں بھی چار بولرز فالکنر، مچل جانسن، مچل سٹارک، میککے کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان جارج بیلی، ڈیوڈ وارنر، شین واٹسن، فل ہیوز، ایڈم ووگز، مچل مارش اور میتھیو ویڈ شامل ہیں۔

آسٹریلوی ٹیم گزشتہ دو بار سے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی فاتح رہی ہے جبکہ انگلینڈ کی اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی 2004 میں رہی جب اس نے فائنل تک رسائی حاصل کی لیکن وہاں اسے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپیئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

چھ سے تئیس جون تک منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور گروپ اے میں سنیچر کو مدِمقابل ان دونوں ٹیموں کے علاوہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔