جنوبی افریقہ نے پاکستان کو شکست دے دی

جنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس نے دو وکٹیں حاصل کیں
،تصویر کا کیپشنجنوبی افریقہ کی جانب سے کرس مورس نے دو وکٹیں حاصل کیں

انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جا رہی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ بی کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دے دی ہے۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو یہ میچ جیتنے کے لیے 235 رنز کا ہدف دیا تھا ہے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پینتالیسویں اوور میں 167 رنز بنا سکی۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/cricket/scorecard/87851" platform="highweb"/></link>

اس شکست کے بعد پاکستان کے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں۔

پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے نہ صرف بھارت کو شکست دینا ہوگی بلکہ یہ امید بھی رکھنی ہوگی کہ ویسٹ انڈیز اپنے بقیہ دونوں میچ جیت لے۔

پیر کو برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو ہاشم آملہ کی عمدہ بلے بازی کی بدولت مقررہ پچاس اوورز میں 234 رنز بنائے۔

مصباح الحق نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی
،تصویر کا کیپشنمصباح الحق نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی

ہاشم آملہ نے 9 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے اور ان کے علاوہ ابراہم ڈویلیئرز 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، محمد عرفان، سعید اجمل، جنید خان اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ جنوبی افریقہ کے چار کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

جواب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکا۔

پہلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی کپتان مصباح الحق اور ناصر جمشید کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا۔

کپتان مصباح الحق نے ٹورنامنٹ میں اپنی دوسری نصف سنچری بنائی۔ وہ 55 جبکہ ناصر جمشید 42 رنز بنا کر سوٹسوبے کی گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلیرن نے چار، سوٹسوبے اور کرس مورس نے دو، دو جبکہ ڈومینی نے ایک وکٹ لی۔

اس ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا اگلا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔