’راج کندرا نے سٹے بازی کا اعتراف کر لیا‘

راج کندرا
،تصویر کا کیپشنراج کندرا نے کئی سال قبل اداکارہ شلپا شیٹی سے شادی کی تھی

دہلی کے پولیس کمشنر نیرج کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا نے آئی پی ایل میں فکسنگ کے الزامات کے سلسلے میں تفتیش کے دوران اپنی ٹیم پر سٹہ لگانے کا اعتراف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق راج کندرا اپنے ایک دوست کے ذریعے اپنی ٹیم پر سٹہ لگاتے تھے۔

دہلی کے پولیس کمشنر نیرج کمار نے کہا ’راج کندرا اپنے دوست امیش گوئنکا کے ذریعے اپنی ٹیم پر سٹہ لگاتے تھے۔‘

اس دعوے کی تصدیق راج کندرا سے نہیں ہو سکی ہے۔ بہرحال دہلی پولیس نے بدھ کو ان سے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی تھی۔

دہلی پولیس کے سپیشل سیل کے جوائنٹ کمشنر ایس این شریواستو نے بی بی سی کو بتایا کہ راج کندرا کے دوست امیش گوئنکا نے تفتیش کے دوران پولیس کو جو معلومات دی تھی اس کی بنیاد پر راج کندرا سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

ایس این شریواستو نے بتایا کہ راج کندرا کو تفتیش کے لیے مستقبل میں بھی طلب کیا جائے گا اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا ہے اور انھیں بغیر اجازت ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں۔

واضح رہے کہ آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز کے تین کھلاڑی ایس شری سنت، انکت چوہان، اجیت چنڈیلا کو آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزام میں گزشتہ دنوں گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کے علاوہ چنئی سپر کنگز کے اعلیٰ افسر گروناتھ میپّن اور فلموں میں کام کر چکے وندو دارا سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

یہ معاملہ اس قدر سنگین موڑ لے چکا ہے کہ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی کے صدر این شری نیواسن نے تفتیش مکمل ہونے تک اپنے کام کاج سے علیٰحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آئی پی ایل کا چیئر مین راجیو شکلا نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

راج کندرا سے پوچھ گچھ کے ساتھ ہی یہ معاملہ اب بظاہر ایک نیا موڑ لیتا نظر آرہا ہے۔

دوسری جانب راج کندرا اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کل رات کے بعد سے ہی مسلسل ٹویٹ کر رہے ہیں۔

اپنے ٹویٹس میں انہوں نے میڈیا ریپورٹس کی سخت نکتہ چینی کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے: ’کیا گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کیے گئے؟ میں ممبئی میں اپنے گھر واپس آ چکا ہوں۔ براہِ مہربانی دہلی کرائم برانچ کو اپنا کام کرنے دیں اور میڈیا کو اشتعال انگیز زبان استعمال نہیں کرنی چاہیے۔‘