ممبئی انڈینز آئی پی ایل 6 کی فاتح

یہ پہلا موقع ہے کہ ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل جیتا ہے
،تصویر کا کیپشنیہ پہلا موقع ہے کہ ممبئی انڈینز نے آئی پی ایل جیتا ہے

بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ مقابلوں کے فائنل میں ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کو 23 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

اتوار کی شام کولکتہ کے مشہور ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈينز نے چنئی سپر کنگز کو فتح کے لیے 149 رن کا ہدف دیا لیکن چنئی کی ٹیم نو وکٹ کے نقصان پر صرف 125 رنز ہی بنا سکی۔

پہلے کھیلتے ہوئے ممبئی انڈینز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور اس کی 3 وکٹیں جلد ہی گر گئیں۔ تاہم اس موقع پر کیرن پولارڈ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 32 گیندوں پر 60 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو 148 رنز کے مجموعے تک پہنچنے میں مدد دی۔

چنئی کی جانب سے براوو چار وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر رہے۔

جواب میں چنئی کی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کی پہلی تین وکٹیں صرف تین کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔

بعد میں آنے والے بلے بازوں میں کپتان دھونی کے علاوہ کوئی بھی جم کر نہ کھیل سکا۔ دھونی نے 63 رنز بنائے لیکن ان کی ٹیم کے پانچ بلے باز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ممبئی انڈینز کی طرف سے ملنگا، ہربھجن اور جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ممبئی انڈینز کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس سے قبل 2010 میں بھی وہ فائنل میں پہنچی تھی لیکن اس وقت چنئی نے ہی اسے شکست دی تھی۔

چنئی سپر کنگز کا یہ پانچواں فائنل تھا اور اب تک اسے دو بار فائنل میں شکست ہوئی ہے جبکہ تین مرتبہ اس سے ٹائٹل جیتا ہے۔