آئی پی ایل کے چیئرمین کا استعفیٰ

مجھے لگتا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا یہی صحیح وقت ہے: راجیو شکلا
،تصویر کا کیپشنمجھے لگتا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا یہی صحیح وقت ہے: راجیو شکلا

انڈین پریمیئر لیگ میں سپاٹ فکسنگ کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔

انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے ایک دن پہلے سنیچر کی شام کیا۔

راجیو شکلا نے کہا کہ حالیہ واقعات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے آئی پی ایل کے چیئرمین کا عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایسا فیصلہ ہے جس پر میں کچھ وقت سے غور کر رہا تھا اور مجھے لگتا ہے کہ عہدہ چھوڑنے کا یہی صحیح وقت ہے۔‘

اس سے پہلے جمعہ کو بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے جگدالے اور خزانچی اجے شركے نے استعفے دے کر سب کو چونکا دیا تھا۔

راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ عہدہ چھوڑنے سے پہلے انہوں نے سنجے اور اجے کے مستعفی ہونے کے فیصلوں کو بھی مدِنظر رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ’سنجے جگدالے اور اجے شركے نے ہندوستانی کرکٹ کے مفاد میں استعفے دیے۔ مجھے بھی لگا کہ یہی صحیح وقت ہے۔‘

راجیو شکلا نے یہ بھی کہا، ’مجھے جن توقعات کے ساتھ آئی پی ایل کے چیئرمین کا عہدہ دیا گیا تھا اسے میں نے اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ادا کیا۔ تمام تنازعات کے باوجود ٹورنامنٹ کامیابی سے منعقد ہوا۔ سٹیڈیم بھرے ہوئے تھے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آئی پی ایل اب بھی مقبول ہے۔‘

بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کے اتوار کو ہونے والی ہنگامی اجلاس سے ایک دن پہلے راجیو شکلا کے استعفے سے بورڈ کے چیئرمین شری نواسن پر بھی عہدہ چھوڑنے کے لیے دباؤ بڑھے گا۔

بی سی سی آئی کے صدر این شری نواسن کے داماد اور چنئی سپر کنگز کے مالک گروناتھ میّپن کی سٹے بازی کے الزام میں گرفتاری کے بعد سے این شری نواسن سے مستعفی ہونے کو کہا جا رہا ہے تاہم اب اطلاعات کے مطابق انہوں نے اپنے استعفے کے لیے تین مطالبات پیش کیے ہیں۔.

ان کی پہلی کوشش یہ ہے کہ جانچ میں اگر وہ بےقصور ثابت ہوتے ہیں تو انہیں دوبارہ بورڈ کے صدر کا عہدہ دے دیا جائے۔

ان کا دوسری مطالبہ یہ ہے کہ انہیں آئی سی سی کے اجلاسوں میں بھارت کی نمائندگی کرنے دی جائے اور تیسری مطالبہ یہ ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری سنجے جگدالے اور خزانچی اجے شركے کو بورڈ کے نئے پینل میں نہ رکھا جائے کیونکہ انہوں نے انہیں دھوکہ دیا ہے۔

آئی پی ایل میں سپاٹ فکسنگ کا معاملہ اس وقت سامنے آیا تھا جب دہلی پولیس نے فون کالز کی بنیاد پر راجستھان رائلز کے تین کھلاڑیوں سری سانت، انکیت چوہان اور اجیت چنڈیلا کو گرفتار کیا تھا۔

اس کے بعد اسی معاملے میں اداکار وندو دارا سنگھ کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا جن سے ملنے والی معلومات گروناتھ میّپن کی گرفتاری کی وجہ بنی تھیں۔