ایشز سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان

آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے لیے اپنی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے35 سالہ وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کو نائب کپتان مقرر کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں آسٹریلیا کے آل راؤنڈر شین واٹسن نے بھارت کے خلاف چار صفر کی شکست کے بعد نائب کپتانی کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔
شین واٹسن کو 10 جولائی سے شروع ہونے والی ایشز سیریز کے لیے آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں 35 سالہ کرس راجرز کی واپسی ہوئی ہے۔ انھوں نے اس سے قبل سنہ 2008 میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں صرف جیمز فاکنر نئے کھلاڑی ہیں جبکہ 16 منتخب کھلاڑیوں میں صرف پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے قبل انگلینڈ میں ایشز سیریز میں حصہ لے چکے ہیں۔

جیمز فاکنر نے اس سال تسمانیہ کی جانب سے کھیلتے ہوئے فرسٹ کلاس میچوں میں 125 وکٹیں حاصل کر کے سلیکٹروں کی توجہ حاصل کی۔
واضح رہے کہ جیمز فاکنر کی شمولیت سے انگلینڈ کے خلاف نو ٹیسٹ میچوں میں 35 وکٹ لینے والے بالر مچل جانسن ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم میں بریڈ ہیڈن نے میتھیو ویڈ کی جگہ واپسی کی ہے، میتھیو ویڈ بھارت کے خلاف سیریز میں زخمی ہو گئے تھے۔
بریڈ ہیڈن کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر سلیکٹروں کا کہنا تھا کہ انھوں نے کپتان مائیکل کلارک کو سہولت دینے کے لیے سینیئر کھلاڑی پر بھروسہ کیا ہے۔
نیشنل سلیکشن پینل کا کہنا تھا کہ شین واٹسن کے بعد بریڈ ہیڈن ہی ایسے امیدوار ہیں جو اس خلاء کو پورا کر سکتے ہیں‘۔
پاکستان نژاد لیگ سپنر فواد عالم جنہیں ابھی تک آسٹریلوی پاسپورٹ نہیں مل سکا آسٹریلوی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
کپتان مائیکل کلارک کے بارے میں یہ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ سیریز سے قبل مکمل طور پر کھیلنے کے لیے فٹ ہو جائیں گے۔ اس سے پہلے کہا گيا تھا کہ صحت یاب ہونے کے لیے انھیں دس ہفتے لگ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا گزشتہ دو ایشز سیریز ہار چکی ہے اور اس وقت وہ عالمی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے۔



