
ملنگا نے اکتیس رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
اس شکست کے نتیجے میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے
پالیکلے میں کھیلے جا رہے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو سری لنکا نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو انہتر رنز بنائے۔
جواب میں انگلش ٹیم نو وکٹ کے نقصان پر ایک سو پچاس رنز بنا سکی اور سری لنکن ٹیم انیس رنز سے فاتح رہی۔
سری لنکن اننگز میں جیا وردھنے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بیالیس جبکہ اینجلو میتھیوز نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اٹھائیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میتھیوز نے جیون مینڈس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے باون رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس براڈ نے تین، گراہم سوان نے دو اور سٹیو فِن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایک سو ستر رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور لستھ ملنگا نے ایک ہی اوور میں تین وکٹیں لے کر ابتداء سے انگلش ٹیم کو مشکلات کا شکار کر دیا۔
انگلش ٹیم اس ابتدائی نقصان سے مکمل طور پر نہ سنبھل سکی اور سمت پٹیل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا۔ سمت نے اڑتالیس گیندوں پر آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سڑسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کے لیے لستھ ملنگا نے اکتیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
سپر ایٹ مرحلے کے اس گروپ اے میں انگلینڈ کی شکست کی وجہ سے سری لنکا کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔






























