
واٹسن نے سینتالیس گیندوں پر ستر رنز بنائے
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے تھے اور جواب میں آسٹریلیا نے ایک سو سینتالیس رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر سترہ اعشاریہ چار اووز میں حاصل کر لیا۔
اننگز کے اختتام پر ہسی پینتالیس اور وائٹ اکیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرح آسٹریلیا کو بھی ابتداء میں نقصان اٹھانا پڑا اور اس کی پہلی وکٹ دس کے مجموعی سکور پر وارنر کی صورت میں گری۔
تاہم بعد میں شین واٹسن اور ہسی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کے مجموعی سکور کو ایک سو نو رنز تک پہنچا دیا۔
شین واٹسن دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ستر رنز بنا کر پیٹرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہیں ہوا اور صفر کے سکور پر لیوی بولڈ ہو گئے۔
ٹیم کو دوسرا نقصان آٹھ کے سکور پر کیلس کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے چھ رنز بنائے۔
ہاشم آملہ سترہ رنز بنا کر واٹسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ڈومینی نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور تیس رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد پیٹرسن اور بہاردین نے بالترتیب چھ چوکوں کی مدد سے بتیس اور دو چوکوں ایک چھکے کی مدد سے اکتیس رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
یہ میچ جنوبی افریقہ کے لیے انتہائی اہم تھا کیونکہ اسے کے لیے مقابلے میں موجود رہنے اور سیمی فائنل میں جانے کی امید برقرار رکھنے کے لیے یہ میچ جیتنا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ دو دن قبل جمعہ کو جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان سے آسان میچ ہار گئی تھی۔
دوسری جانب آسٹریلیا زیادہ پر اعتماد تھا کیونکہ اس نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے میں آسانی سے ہرا دیا تھا۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں شین واٹسن، ڈیوڈ وارنر، مائک ہسی، جان بیلی، سی ایل وائٹ، جی جے میکسویل، مائکل ویڈ، بریڈ ہاگ، پی جے کمنس، ایم اے سٹارک، اور ڈروتھی کھیل رہے ہیں۔
جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم میں آر ای لیوی، ہاشم آملہ، ژاک کیلس، اے بی ڈیویليئرس، جے پی ڈومینی، ایف بہاردین، وین پارنیل، جان بوتھا، آر پیٹرسن، ڈیل سٹین، مورنے مورکل شامل ہیں۔






























