
لیوک رائٹ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے چھہتر رنز بنائے
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں سنیچر کو انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
سپر ایٹ مرحلے میں دوسری شکست کے بعد نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل میں پہنچنا اب مشکل ہو گیا ہے۔
نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو جیت کے لیے ایک سو انچاس رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ انہوں نے اٹھارہ اعشاریہ پانچ اوور میں حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی بیٹنگ میں لیوک رائٹ چھہتر رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے آوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کریگ کیسوٹر تھے جنہیں وٹوری نے بولڈ کیا۔ ساتویں اوور میں نیتھن میککلم کی گیند پر ایلکس ہیلز آوٹ ہوگئے۔
اس موقع پر لیوک رائٹ اور اوئن مورگن نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اناسی رنز کی شراکت کی اور میچ کو نیوزی لینڈ کی پہنچ سے باہر لے گئے۔
پالیکلے میں کھیلے جا رہے میچ میں ٹاس جیت کر جب نیوزی لینڈ نے بیٹنگ شروع کی تو ان کا آغاز اچھا نہ تھا اور وقتاً فوقتاً ان کی وکٹیں گرتی رہیں تاہم جیمز فرینکلن کی نصف سنچری نے اختتام کے قریب ٹیم کو سہارا دیا۔
سٹیون فِن نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔
آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز مارٹن گپتل تھے جنہیں سٹیون فن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
میککلم ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور سٹیون فِن کی دوسری وکٹ بنے، وہ دس رنز بنا سکے۔
آوٹ ہونے والے تیسرے بلے باز راب نکول تھے۔ وہ گیارہ رنز بنا کر گریم سوان کی گیند پر برئرسٹو کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔
گرنے والی چوتھی وکٹ کین ولیئمسن کی تھی جبکہ راس ٹیلر نیوزی لینڈ کا پانچواں نقصان تھا۔

سٹیون فِن نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں
اس موقع پر فرینکلن نصف سنچری بنا کر آخری اوور میں رن آوٹ ہوئے۔
اس میچ کے لیے انگلینڈ نے اپنی ٹیم میں دو جبکہ نیوزی لینڈ نے ایک تبدیلی کی تھی۔
انگلش ٹیم میں جیڈ ڈرنبیچ اور سمت پٹیل کی جگہ ٹم بریسنن اور ڈینی برگز کو شامل کیا ہے۔ یہ برگز کا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچ تھا۔
اس مرحلے کے پہلے میچوں میں نیوزی لینڈ کو سری لنکا اور انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔






























