
دلشان نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو شکست دے دی ہے۔
میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور کے ذریعے کیا گیا جس میں سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے تیرہ رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کے بلے باز سات رنز ہی بنا سکے۔
اس سے قبل پالیکلے میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کو ایک سو پچھہتر رنز کا ہدف دیا اور سری لنکن ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک اور چوہتر رنز بنا سکی۔
سری لنکن اننگز کی خاص بات اوپنر جیا وردھنے اور تلکارتنے دلشان کی جارحانہ بلے بازی تھی۔ ان دونوں نے ٹیم کو سات اوورز میں اسّی رنز کا آغاز دیا۔
دلشان نے چھہتر اور جیاوردھنے نے چوالیس رنز بنائے۔ بعد میں آنے والے بلے بازوں میں سے سنگاکارا اکیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی اننگز میں راب نکول نے نصف سنچری بنائی، وہ چالیس گیندوں پر اٹھاون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بلے بازوں میں گپتل اڑتیس، راس ٹیلر تئیس اور برینڈن میککلم پچیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

برینڈن میککلم پچیس رنز کی اننگز ہی کھیل سکے
سری لنکا کی جانب سے پریرا اور کلاسیکرا نے دو،دو جبکہ دنانجیا اور ملنگا نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور ایڈم ملنیز کی جگہ مارٹن گپتل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
سری لنکن ٹیم میں دلشان مناویرا کی جگہ اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے اکیلا دنانجیا اور رنگنا ہیراتھ کی جگہ اجنتھا مینڈس کو شامل کیا گیا۔
ان مقابلوں کے ابتدائی مرحلے میں دونوں ٹیموں نے دو میں سے ایک میچ جیتا تھا۔
سری لنکا نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں زمبابوے کو ہرایا تھا جبکہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں اسے شکست ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ نے گروپ ڈی میں بنگلہ دیش کو شکست دی جبکہ پاکستان کے ہاتھوں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔






























