
میکلم نے اٹھاون گیندوں پر سات چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کھلاڑی میکلم نے ایک سو تیئس رن بنا کر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
میکلم کی اس خوبصورت انگز کی بدولت بنگلہ دیش کو انسٹھ رن سے شکست ہوئی۔
پالیکیلے میں کھیلے جانے والے گروپ ڈی کے اس میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ بیس اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات برینڈن میکلم کی دھواں دار بلے بازی تھی۔
انہوں نے اٹھاون گیندوں پر سات چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
بنگلہ دیش کے عبدالرزاق نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
ایک سو بانوے رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز مایوس کن رہا اور 37 کے مجموعی سکور پر اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
بعد میں آنے والے بلے بازوں میں ناصر حسین نے بیٹنگ لائن کو سہارا دیا۔ انہوں نے 39 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے پچاس رنز بنائے۔
بنگلہ دیش مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز ہی بنا سکا۔
نیوزی لینڈ کی کی جانب سے ملز اور سوتھی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم بہترین عمدہ بلے بازی پر مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔






























