
جنوبی افریقہ کے کیلس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے زمبابوے کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بارہ اعشاریہ چار اوورز میں حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے رچرڈ لیوی اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔
دونوں بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب پچاس اور بتیس رنز بنائے۔
اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
زمبابوے کے بلے باز جنوبی افریقہ کے بالروں کی تباہ کن بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔
زمبابوے کی جانب سے کریگ ایرون نے چار چوکوں کی مدد سے سینتیس رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کیلس نے چار اور مورنی مورکل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کے کیلس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔






























