
عرفان پٹھان اور مہندر سنگھ دھونی نے وارم اپ میچ میں بہتر کار کردگی پیش کی
بھارت نے کپتان مہندر سنگھ دھونی کی شاندار بلے بازی اور عرفان پٹھان کی بہترین گیند بازی کی بدولت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں سری لنکا کو چھبیس رن سے شکست دے دی ہے۔
بھارت نے پہلے بلے بازی کر تے ہوئے مقررہ بیس اوروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر ایک سو چھیالیس رنز بنائے۔ کپتان دھونی بیالیس گیندوں میں پچپن رنز اور روہت شرما چھبیس گیندوں میں سینتیس رنز کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہے۔
كولبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیتا اور بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن گمبھیر پانچ رنز پر چوٹ لگنے کی وجہ سے کھیل جاری نہ رکھ سکے۔ ویرندر سہواگ اور سریش رائنا بارہ بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
کینسر سے نجات پانے کے بعد حال ہی میں ٹیم میں واپسی کرنے والے یوراج سنگھ میچ میں کچھ زیادہ نہیں کر پائے اور 11 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
ایک وقت پر صرف اکیاون رنز کے سکور پر بھارت کے چار کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے لیکن پھر شرما اور دھونی نے اننگز کو سنبھال لیا اور بھارت ایک اچھا ہدف دینے میں کامیاب رہا۔
جواب میں سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں رہی اور عرفان پٹھان نے شروع ہی میں اوپنرتلک رتنے دلشان اور مناویرا کو ایک اور تین کے سکور پر آوٹ کر دیا۔
خراب شروعات کے بعد سنگاکارا نے اننگز کو سنبھالنے کی کافی کوشش کی مڈل آرڈر کے بلے بازوں نے بھی سنبھالنے کی کافی کوشش کی لیکن ایک بار پھر عرفان پٹھان نے ان کی جوڑی کو توڑ دیا۔
بھارتی بولرز کے سامنے سری لنکا کے بلے باز نہیں چل پائے اور ان کے آخری پانچ وکٹ صرف سات گیندوں میں دو رنز کے عوض گر گئے اور پوری ٹیم انیس اعشاریہ تین گیندوں میں ایک سو بیس رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
عرفان پٹھان نے چار اوورز میں پچیس رنز دے کر پانچ وکٹیں لیں جبکہ لکشمی پتی بالاجی نے تین اعشاریہ تین اوورز میں اٹھائیس رنز کے عوض تین وکٹیں لیں۔
سری لنکا کی جانب سے سگاكارا نے سب سے زیادہ بتیس رن بنائے اور انہیں ہر بھجن سنگھ نے کلین بولڈ کیا۔






























