
یہ سیریز دونوں ٹیموں کی سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں
متحدہ عرب امارات میں جاری پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آج تیسرا اور آخری میچ کھیلا جارہا ہے۔
پاکستان کو اس سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔
اس سے پہلے جمعے کے روز کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سوپر اوور میں ہرا دیا تھا۔
اس شکست کے بعد آسٹریلیا آئی سی سی کی عالمی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں آئرلینڈ اور بنگلہ دیش سے نیچے، دسویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
میچ کے بعد پاکستان ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی کارکردگی سے خوش ہیں اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے پہلے سوپر اوور کھیلنے کا تجربہ کھلاڑیوں کے لیے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیریز جیتنے کی وجہ سے پاکستان ٹیم پر دباؤ کم ہے تاہم وہ چاہیں گے کہ پاکستان تیسرا میچ بھی جیتے اور آسٹریلیا کا کلین سوئپ کرئے۔ انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی کے زخمی ہونے کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور ممکن ہے کہ انہیں اس میچ سے باہر رکھا جائے۔
اس سے پہلے ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستان کو دو ایک سے ہرایا تھا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا تھا۔
یہ آخری میچ مقامی وقت کے مطابق سام آٹھ بجے شروع ہوگا۔ دبئی میں شدید گرمی کے باعث اس سیریز میں بیشتر میچوں کو شام کے وقت منعقد کیا گیا ہے۔






























