
پاکستان نے دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کو با آسانی ہرا دیا۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے نوے رنز کا ہدف دیا جسے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر چودہ اعشاریہ پانچ اوورں میں پورا کر لیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی اور آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستانی بالروں کا جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔
پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے تین، محمد حفیظ، سیعد اجمل اور رضا حسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے سپن بولروں نے عمدہ بولنگ کی اور آسٹریلیا کی مڈل آرڈر بیٹنگ کی کمر توڑ دی۔
پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز جارجانہ انداز میں کیا اور کپتان محمد حفیظ اور عمران نذیر نے ٹیم کو عمدہ آغاز مہیا کیا۔
پاکستان کی جانب سے وکٹ کیپر کامران اکمل نے اکتیس اور عمران نذیر نے بائیس رنز بنائے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز آسٹریلیا دو ایک سے جیت چکا ہے۔






























