
آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا
شارجہ میں کھیلے جانے والے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
پاکستان نے آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے ایک سو ننانوے رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے چھ وکٹوں کے نقصان پر اڑتالیس اعشاریہ دو اوورز میں حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کے کپتان کلارک چھیاسٹھ رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ کلارک کے ایک سو اکیس رنز کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان میچ میں واپس آ گیا تاہم بعد میں بیلے اور میکسویل کی عمدہ شراکت داری نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
بیلے ستاؤن رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ میکسویل اڑتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے سعید اجمل نے تین، محمد حفیظ نے دو جبکہ شاہد آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور ناصر جمشید نے اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور چالیس رنز کے مجموعی سکور پر اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اسد شفیق اور مصباح الحق نے چوتھی وکٹ کے لیے پچاس رنز کی شراکت قائم کی۔
پاکستان کی جانب سے اسد شفیق نے چھپن اور عمر اکمل نے باون رنز بنائے۔
پاکستان کے چھ کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہیں ہو سکے۔ جن میں محمد حفیظ نے چار، اظہر علی نے پانچ، کامران اکمل چار، شاہد آفریدی صفر، سہیل تنویر ایک اور سعید اجمل آٹھ رنز بنا سکے۔
آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔






























