تھشارا پریرا کی عمدہ بولنگ کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ میچ میں چھہتر رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی ہے۔
پریرا نے اپنے کیرئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چھ پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پالیکیلے میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں صرف چار وکٹوں کے نقصان پر دو سو اسّی رنز بنائے۔
سری لنکن اننگز کی خاص بات اوپنر تلکارتنے دلشان کی شاندار سنچری تھی۔ دلشان نے ایک سو انیس رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
دلشان کے علاوہ کپتان مہیلا جیاودرھنے کے نصف سنچری بنا کر اپنی ٹیم کو ایک اچھے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔
دو سو اکیاسی رنز کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اوپنرز نے ٹیم کو اڑتالیس رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پاکستانی مڈل آرڈر بری طرح ناکام رہا اور پوری ٹیم سینتالیسویں اوورز میں دو سو چار رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی

سری لنکا کی جانب سے پریرا نے چوالیس رنز دے کر چھ وکٹیں لیں۔ یہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر اظہر علی ’نروس نائنٹیز‘ کا شکار ہوئے اور صرف چار رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے۔ انہیں چھیانوے کے سکور پر کلاسیکرا نے بولڈ کیا۔
باقی بلے بازوں میں کپتان مصباح الحق نے ستائیس اور سرفراز احمد نے بیس رنز کی اننگز کھیلیں۔
سری لنکا کی جانب سے پریرا نے چوالیس رنز دے کر چھ وکٹیں لیں۔ یہ ایک روزہ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف کسی بھی بولر کی بہترین کارکردگی ہے۔ ان کے علاوہ ملنگا اور کلاسیکرا نے دو، دو کھلاریوں کو آؤٹ کیا۔
پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ تیرہ جون کا کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔






























