پہلے ون ڈے میں پاکستان کی جیت

جمعرات کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنجمعرات کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا

سری لنکا کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے فتح حاصل کر کے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بارش سے متاثرہ اس میچ میں پاکستان نے ایک سو پینتیس رنز کا مطلوبہ ہدف پینتیسویں اوور میں حاصل کیا۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="" platform="highweb"/></link>

پالیکلے میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کے بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

میچ کئی بار بارش کی وجہ سے روکنا پڑا اور اسے بیالیس اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ سری لنکا نے ان بیالیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پینتیس رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سےتھریمان تین چوکوں کی مدد سے بیالیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستانی بولروں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کے چھ کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔

پاکستان کے لیے فاسٹ بولرز عمر گل اور محمد سمیع نے تین تین وکٹیں لیں جبکہ آف سپنر محمد حفیظ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستانی اننگز بھی سست روی کا شکار رہی اور ایک سو چھتیس کا ایک چھوٹا ہدف حاصل کرنے میں پاکستانی بلے بازوں نے پینتیس اوورز استعمال کیے۔

پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حفیظ نے پانچ چوکوں کی مدد سے سینتیس اور عمر اکمل نے چھ چوکوں کی مدد سے چھتیس رنز بنائے۔

ان کے علاوہ کپتان مصباح الحق نے چار چوکوں کی مدد سے تیس رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے ملنگا، کالو سیکرا اور ہیراتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی ٹیم: مصباح الحق(کپتان)، محمد حفیظ، اظہر علی، یونس خان، عمر اکمل، شاہد آفریدی، سرفراز احمد، عمر گل، سعید اجمل، سہیل تنویر اور محمد سمیع

سری لنکا کی ٹیم: تلکارتنے دلشان، اپل تھارنگا، مہیلا جیاوردھنے، چندی مل، کمارا سنگاکارا، تھریمان، اینجلو میتھیوز، تشارا پریرا، رنگانا ہیراتھ، نوان کالو سیکرا اور لستھ ملنگا