
ناصر جمشید تین رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ایک روزہ میچز کی سیریز برابر کر لی ہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کے لیے 249 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے ناصر جمشید اور اظہر علی کی عمدہ بلے بازی کی بدولت باآسانی حاصل کر لیا۔
دو سو انچاس رنز کے تعاقب میں پاکستان نے اچھا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے چھیاسٹھ رنز کی شراکت بنی۔
پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ تئیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد ناصر جمشید نے اظہر علی کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ایک سو ایک رنز کی شراکت قائم کی۔
ناصر نے دو چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے اٹھانوے گیندوں پر ستانوے رنز بنائے، انہیں جانسن نے آؤٹ کیا۔ جبکہ اظہر علی انسٹھ رنز پر ناقابلِ شکست رہے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز اسد شفیق تھے جو صرف نو رنز بنا سکے۔ مصباح الحق نے پینتیس رنز بنائے اور وہ بھی آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل آسٹریلوی اننگز کے دوران پاکستان کو دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر اس وقت کامیابی ملی جب جنید خان نے میتھیو ویڈ کو سات کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔
میتھیو ویڈ کے جانے کے بعد مائیکل کلارک آئے جنہوں نے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ وکٹ پر کچھ دیر جم کر بیٹنگ کی۔

اظہر علی نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 59 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے
مائیکل کلارک اور ڈیوڈ وارنر کی یہ پارٹنر شپ بیسویں اوور میں سعید اجمل نے ڈیوڈ وارنر کو چوبیس رن پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے توڑ دی۔
ڈیوڈ وارنر کے جانے کے بعد مائیکل کلارک بھی زیادہ دیر نہیں ٹکے اور سینتیس رن بنا کر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
ڈیوڈ وارنر کے بعد آنے والے مائیکل ہسی نے مائیکل کلارک کا ساتھ دیا۔
مائیکل کلارک کے آؤٹ ہونے پر مائیکل ہسی کا ساتھ دینے کے لیے ڈیوڈ ہسی آئے مگر وہ سعید اجمل کی گیند پر صفر پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
ڈیوڈ ہسی کے پویلین جانے کے بعد جارج بیلے نے مائیکل ہسی کہ ساتھ مل کر پارٹنر شپ کی۔ ان دونوں نے مل کر آسٹریلیا کی پوزیشن مستحکم کی اور 66 رنز کا اضافہ کیا۔
اس پارٹنر شپ کا اختتام عبدالرحمٰن نے اپنی ہی بال پر جارج بیلے کا کیچ لے کر کیا۔ مائیکل ہسی نے اکسٹھ رنز بنائے اور انہیں سعید اجمل نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار، جنید خان نے تین جبکہ محمد حفیظ اور عبدالرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی آج کا میچ کمر کی چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیل پائے۔






























