
عمر اکمل نے سپر اوور میں پاکستان کو فتح سے ہمکنار کر دیا
دبئی میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ’سپر اوور‘ میں ہرا کر میچ اور سیریز جیت لی۔
آسٹریلیا نے سپر اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر گیارہ رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے بارہ رنز کا ہدف دیا ہے جسے اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔
اس سے پہلے دونوں ٹیموں نے مقررہ بیس اووروں میں 151 رنز بنائے اور میچ ٹائی ہوگیا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے ’سپر اوور‘ کروایا گیا۔ کسی بھی انٹرنیشنل میچ پہلی مرتبہ سپراوور کا استعمال کیا گیا۔
سپر اوور میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک اوور کھیلنا تھا اور اس کے تین بیٹسمین بیٹنگ کے میدان میں اتر سکتے تھے۔
پاکستان کی جانب سے سپر اوور فاسٹ بولر عمر گل نے کروایا جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو سپر اوور کے لیے چنا گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹس، دیوڈ وارنر اور کپتان جارج بیلی نے بیٹنگ کی۔ پاکستان کی جانب سے عبد الرزاق اور عمر اکمل نے سپر اوور میں بیٹنگ کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے بیس اووروں میں ایک سو اکاون رنز سکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد حفیظ اور نوجوان بیٹسمین ناصر جمشید نے پینتالیس پینتالیس رنز سکور کیے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے تینتالیس رنز سکور کیے۔
آسٹریلیا نے اپنے اننگز کا اچھے انداز میں کیا اور اوپنر شین واٹسن اور وارنر نے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا سکور چالیس رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے آف سپنر سعید اجمل نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔شین واٹسن نے تینتیس رنز کی انتہائی عمدہ اننگز کھیلی۔ مائیکل ہسی اور ڈیوڈ ہسی اس میچ میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جارج بیلی نے عمدہ بیٹنگ کی۔
دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو جیت کے لیے نوے رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر چودہ اعشاریہ پانچ اوورں میں پورا کر لیا تھا۔






























