
پاکستان اور انڈیا کا میچ پندرہ جون کو ایجبسٹن میں ہوگا
آئی سی سی نے سن دو ہزار تیرہ میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والی چیمپینز ٹرافی کے پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے بیان کے مطابق تین ہفتے جاری رہنے والا یہ ٹورنامنٹ ایجبسٹن، دی اوول اور کارڈف میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم میں کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں انڈیا، پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔
آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کا پہلا میچ چھ جون کو ویلز کے شہر کارڈف میں عالمی چیمپیئن انڈیا اور انیس سو اٹھانوے میں پہلی چیمپینز ٹرافی کی فاتح جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میزبان ٹیم انگلینڈ کا پہلا میچ آٹھ جون کو اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔
روایتی حریفوں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ بارہ جون اور پاکستان اور انڈیا کا میچ پندرہ جون کو ایجبسٹن میں ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل انیس اور بیس جون کو اور فائنل تئیس جون کو ہوگا۔






























