
بھارتی کرکٹر وی وی ایس لکشمن نے اعلان کیا ہے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
لکشمن کو تئیس اگست سے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ لیکن لکشمن کا کہنا ہے کہ وہ اس سیریز میں اب حصہ نہیں لیں گے۔
لکشمن نے اپنے سولہ سال کے کرکٹ کیریئر میں 134 میچوں میں سترہ سنچریاں بنائی ہیں۔ انہوں نے چھیاسی ایک روزہ میچوں میں چھ سنچریاں سکور کی ہیں۔
’میں فوری طور پر ریٹائر ہو رہا ہوں۔ اور میرے خیال میں یہ صحیح وقت ہے۔‘
حال ہی میں لکشمن کی کارکردگی اچھی نہیں تھی۔ انہوں نے سنہ 2011 میں انگلینڈ اور پھر آسٹریلیا کے خلاف کُل آٹھ ٹیسٹ میچز میں صرف 337 رنز سکور کیے تھے۔
لکشمن کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم میں شمولیت کو سابق کرکٹرز سنیل گواسکر اور کپل دیو نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
لکشمن نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز 1996 میں احمد آباد میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیا تھا۔ اس ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں لکشمن نے 51 رنز سکور کیے تھے اور بھارت یہ میچ چونسٹھ رنز سے جیت گیا تھا۔
تاہم ایک بہترین کھلاڑی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی پہلی سنچری جنوری دو ہزار میں سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف سکور کی۔ انہوں نے 167 رنز بنائے تھے۔
اس کے اگلے سال مارچ میں انہوں نے آسٹریلیا ہی کے خلاف کولکتہ ٹیسٹ میں 281 رنز سکور کیے اور انہوں نے راہول ڈریوڈ کے ساتھ مل کر 376 رنز کی شراکت کی۔
لکشمن نے ٹیسٹ کرکٹ میں 8781 رنز سکور کیے ہیں جبکہ ایک روزہ میچوں میں انہوں نے 2338 رنز سکور کیے ہیں۔






























