
کینسر کے علاج کے بعد کسی پہلے بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے یوراج سنگھ اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنے پہلے میچ میں بھارت نے افغانستان کو تئیس رنز سے ہرا دیا ہے۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تو مقررہ اوور میں بھارت نے ایک سو انسٹھ رنز بنائے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
اس کے جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم ایک سو چھتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
افغان بلے بازوں نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلی وکٹ چھبیس کے مجموعی سکور پر گری جب محمد شہزاد اٹھارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کا کیچ یووراج سنگھ نے پکڑا۔
اس کے بعد یووراج سنگھ نے افغانستان کے تین کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی۔ ان کھلاڑیوں میں نو روز منگل بائیس، کریم صادق چھبیس اور ستنِک زئی نے چھ رنز بنائے۔
سمیع اللہ کو ایشون نے ایک رنز ہی بنانے دیا اور اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا۔محمد نبی نے سب سے زیادہ اکتیس رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے یوراج سنگھ نے تین، لکشمی پتی بالاجی نے تین، ایشون نے دو اور عرفان پٹھان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بھارتی اننگز میں دونوں اوپنرز سکور میں خاطر خواہ اضافہ کیے بنا آؤٹ ہو گئے۔ گوتم گمبھیر دس اور وریندر سہواگ آٹھ رن بنا سکے۔
کینسر کے علاج کے بعد کسی پہلے بڑے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے یوراج سنگھ نے اٹھارہ رنز کی اننگز کھیلی۔ ان فارم بلے باز ویرات کوہلی نے نصف سنچری سکور کر کے اپنی ٹیم کو ایک اچھا سکور کرنے میں مدد دی۔
افغانستان کے باؤلر شپور زدران نے دو جبکہ دولت زدران، کریم صدیق، محمد نبی نے ایک وکٹ حاصل کی۔






























