
سعید اجمل نے چار وکٹیں لے کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا
سری لنکا میں جاری آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو تیرہ رنز سے شکست دے دی۔
پالیکیلے میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر ایک سو ستتر رنز بنائے۔
کلِک پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ: تصاویر
اس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نو وکٹ کے نقصان پر ایک سو چونسٹھ رنز ہی بنا سکی۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے اٹھارہ رنز درکار تھے لیکن کیوی بلے باز چار رنز ہی بنا سکے۔
نیوزی لینڈ کے لیے اوپنر راب نکول نے تینتیس جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف سنچری بنانے والے برینڈن میککلم نے بتیس رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ترپن جبکہ ڈینیئل ویٹوری اور برینڈن میککلم نے تیسری وکٹ کے لیے اڑتالیس رنز کی شراکتیں قائم کیں لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتحیاب نہ کروا سکے
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار جبکہ عمر گل، سہیل تنویر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ لی جبکہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستانی اننگز کی خاص بات ناصر جمشید کی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے پینتیس گیندوں پر چھپن رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کے لیے محمد حفیظ اور عمران نذیر نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ اس وقت خوش قسمت رہے جب سلپ میں ان کا کیچ چھوٹ گیا۔

ناصر جمشید نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے
اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی اوپنرز نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو پانچ اوورز میں سینتالیس رنز کا آغاز فراہم کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے تینتالیس، عمران نذیر نے پچیس اور عمر اکمل نے بھی تیئیس رنز کی جارحانہ اننگز کھیلیں۔
نیوزی لینڈ کے لیے جیکب اورم اور ٹم ساؤدی نے دو دو جبکہ ویٹوری اور فرینکلن نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس میچ میں ابتداء میں نیوزی لینڈ کی فیلڈنگ کا معیار زیادہ اچھا نہیں رہا اور فیلڈرز نے دو اہم کیچ چھوڑے اور اوور تھرو کے رنز بھی دیے۔
پاکستانی ٹیم کا اس ایونٹ میں یہ پہلا میچ تھا جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو انسٹھ رنز سے ہرایا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان آج تک ایک سو پچاس رنز سے زائد کا ہدف دینے کے بعد صرف مرتبہ ہی میچ ہارا ہے۔
پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں واحد ٹیم نے جس نے اب تک تمام ایونٹس کے سیمی فائنل کھیلے ہیں۔ پاکستان دو ہزار آٹھ میں رنر اپ، دو ہزار نو میں فاتح رہا ہے جبکہ دو ہزار دس میں اس کا سفر سیمی فائنل میں تمام ہوگیا تھا۔






























