
سری لنکا میں کھیلے جا رہے کرکٹ کے ورلڈ ٹی ٹوئنی عالمی مقابلوں کے ایک میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو ایک سو سولہ رن سے شکست دے دی ہے۔
اس میچ کی سب سے نمایاں بات انگلینڈ کی طرف سے لیوک رائٹ کی شاندار بیٹنگ تھی۔
لیوک رائٹ نے پچپن گیندوں پر ننانوے رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے افغانستان کو ایک سو ستانوے رن کا ہدف دیا تھا۔
اتنے بڑے ہدف کو حاصل کرنے کی کوشش میں افغانستان کی اننگز شروع ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور اس کی ووکٹیں پہلے ہی اوور سے گرنا شروع ہو گئیں۔
پچیس رن کے مجموعی سکور تک افغانستان کی پانچ ووکٹں گر چکی تھیں۔
انگلینڈ کی اننگز کے دوران افغانستان کے بالر عزت اللہ دولتزئی سب سے مہنگے ثابت ہوئے اور ان کے تین اوور میں چھپن رن بنے۔ محمد نبی کے چار اوورز میں چھیالیس رن بنے۔
افغان ٹیم کے کپتان نوروز منگل نے ٹاس جیتا اور دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کو کھیلنے کی دعوت دی۔ انگلینڈ کا آغاز اچھا نہیں تھا اور انگلینڈ کی پہلی وکٹ صفر کے مجموعی سکور پر گر گئی۔
انگلینڈ کے اوپنگ بلے باز کیز ویٹر پہلے ہی اوور میں بولڈ ہو گئے۔ ان کو افغان تیز بالر زردان نے ایک انتہائی خوبصورت گیند پر بولڈ کر دیا۔
اس کے بعد زردان کے ایک اوور میں انگلش بلے بازوں نے زبردست شاٹس لگائیں اور صرف ایک اور میں ستائیس رن بنائے۔ جس میں ایک چھکا اور چار چوکے لگائے۔
انگلینڈ نے پہلے چار اوور میں صرف پندرہ رن بنائے تھے لیکن اس کے بعد انگلش بالروں نے زبردست جارحانہ انداز اختیار کیا اور افغان بالر ناتجربہ کار نظر آنے لگے۔
ساتویں اوور میں افغانستان نے سپنر لگایا اس اوور میں صرف چار رن بن سکے۔ اس کے بعد انگلینڈ کے رن بنانے کی رفتار کم ہوئی۔
انگلینڈ کی تیسری وکٹ سترہویں اوور میں گری جب مورگن ستائیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت انگلینڈ کا مجموعی سکور ایک سو اکتالیس رن ہوا تھا۔
افغانستان کی فیلڈنگ انتہائی کمزور نظر آئی جب ایک ہی اوور میں ایک سٹمپ کرنے کا موقع، ایک وکٹ کے پیچھے کیچ اور ایک ایک آسان کیچ ضائع ہوا۔
دسویں اوور کی پہلی گیند پر ہیلز ڈرامائی انداز میں رن آؤٹ ہو گئے۔ لک رائٹ نے شاٹ لگائی دوسری طرف کھڑے ہیلز رن لینے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے جب بالر کے ہاتھوں سے لگ کر وکٹ میں جا لگی اور یوں ہیلز رن آؤٹ ہو گئے۔
لک رائٹ نے بتیسں گیندوں پر اپنی نصف سنچری بنائی جو ان کی ٹی ٹوئنٹی میں ان کی گیارہویں نصف سنچری تھی۔
چودہویں اوور میں انگلینڈ نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انیسواں اوور افغانستان کے لیے بہت بھاری ثابت ہوا اس میں انگلینڈ نے اکتیس رن بنائے جس میں تین چھکے شامل تھے۔
اس میچ میں افغانستان نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اس میں نجیب اللہ زردان کی جگہ عزت دولتزئی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
افغان ٹیم کے لیے یہ انتہائی اہم ہے۔ اگر افغانستان نے دوسرے راؤنڈ میں جانا ہے تو اسے یہ میچ جیتنا لازم ہے۔ اس سے قبل وہ بھارت سے اپنا پہلا میچ ہار چکی ہے۔






























