
انگلینڈ میں منعقد ہونے والی پیرالمپکس کھیلوں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ دس ہزار ٹکٹوں کی فروخت کھیلوں کے دوران کی جائے گی۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پیرالمپکس کھیلوں کے لیے پچیس لاکھ میں سے چوبیس لاکھ ٹکٹیں پہلے ہی فروخت کی جا چکی ہیں۔
ان کھیلوں کے منتظمین کے مطابق بدھ کو شروع ہونے والی پیرالمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے لیے آٹھ سو کے قریب ٹکٹیں فوجیوں اور پولیس کو دی جائیں گی۔
دوسری جانب لندن کے میئر بورس جانسن نے پیرالمپکس مقابلوں کے لیے تقریباً گیارہ سو مفت ٹکٹیں لندن کے ایتھلیٹکس کلبوں کو دینے کا اعلان کیا ہے۔
بورس جانسن کا کہنا ہے ’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے ایسے افراد کے لیے ٹکٹیں رکھی ہیں جو پیرالمپکس مقابلوں کے دوران ان کا خود لطف اٹھانا چاہتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ لندن پیرالمپکس مقابلوں کے لیے معقول سکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے تاہم یہ سکیورٹی لندن اولمپکس مقابلوں کے دوران کی جانے والی سکیورٹی جیسی سخت نہیں ہے۔






























