
افریقی ملک کانگو میں ذرائع ابلاغ کے مطابق اولمپک مقابلوں میں شرکت کرنے والے دستے میں سے چار ارکان لندن میں لاپتہ ہو گئے ہیں۔
کانگو میں اقوام متحدہ کے اشتراک سے چلنے والے ریڈیو سٹیشن اوکاپی کے مطابق جوڈو کے کھلاڑی سیڈریک مینڈیبو اولمپک ویلج میں مقابلوں کی اختتامی تقریب کے فوراً بعد لاپتہ ہو گئے اور ان کا موبائل فون بھی بند جا رہا ہے۔
وہ اولمپک مقابلوں میں اپنا میچ پہلے انچاس سکینڈ میں ہی ہار گئے تھے۔
اس کے علاوہ جوڈو کے کوچ، باکسنگ کے کوچ اور ایتھلیٹکس کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر بھی لاپتہ ہو گئے ہیں۔
اس سے پہلے لندن میں انتظامیہ کمیرون کے لاپتہ ہونے والے سات کھلاڑیوں کو بھی تلاش کر رہی ہے۔
ولمپکس میں افریقی ملک کیمرون کے دستے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک سے تعلق رکھنے والے سات کھلاڑی برطانیہ میں غائب ہوگئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کےمطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پانچ باکسرز سمیت سات کھلاڑیوں نے معاشی مشکلات کی وجہ سے یورپ میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باکسنگ کے کھلاڑیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ اس وقت نکل گئے جب ان کے المپک دستے کے سینیئر ممبران نے انہیں دھمکی دی کہ اگر وہ اپنا مقابلہ ہار گئے تو ان کے کیرئیر ختم ہو جائیں گے۔






























