ہینڈنگلے: جنوبی افریقہ کی پوزیشن مضبوط

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہیڈنگلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے خاتمے پر بغیر کسی نقصان کے اڑتالیس رنز بنا لیے۔
انگلینڈ کو جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید تین سو اکہتر رنز کی ضرورت ہے اور پہلی اننگز میں اس کی تمام وکٹیں باقی ہیں۔
دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر ایلسٹر کک بیس اور سٹراس انیس رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/sport/0/hi/english/static/cricket/statistics/scorecards/2012/08/87009/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں چار سو انیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایلورو پیٹرسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک سو بیاسی رنز جبکہ گراہم سمتھ نے باون اور ڈومینی نے اڑتالیس رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے براڈ نے تین، اینڈرسن نے دو اور فِن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جمعرات کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
ہینڈنگلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی ٹیم میں سپنرگرہیم سوان کی جگہ فاسٹ بولر سٹیفن فِن کو شامل کیا گیا ہے۔
انگلینڈ نے نوجوان بیٹسمین جیمز ٹیلر کو روی بوپارا کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔ روی بوپارا نے’ذاتی وجوہات‘ کی وجہ سے ٹیم میں شریک ہونے سے انکار کیا تھا۔
اس سے پہلے اوول میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو ایک اننگز اور بارہ رنز سے شکست دے کرتین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کی تھی۔



